Epaper Editions
غزل گلوکار جگجیت سنگھ کی 8 فروری کو یوم پیدائش
 115
07 Feb, 2020 03:43 pm

 

ممبئی: ملک کے شہرۂ آفاق گلوکار جگجیت سنگھ کی پیدائش راجستھان کے شری گنگانگر میں 8 فروری 1941ء میں ہوئی تھی۔ ان کے والد کا نام امرسنگھ اور والدہ کا نام بچن کور تھا۔ امرسنگھ سرکاری ملازم تھے۔ جگجیت کی 4بہنیں اور2 بھائی تھے۔ ان کا پیدائشی نام جگموہن تھا۔ لیکن بعد میں والد نے ان کا نام جگجیت سنگھ رکھ دیا۔ بچپن سے ہی ان کا رجحان موسیقی کی جانب تھا۔ انہوں نے موسیقی کی تعلیم استاد جمال خان اور پنڈت چھگن لال شرما سے حاصل کی۔ جمال خان نے جگجیت کو6 سال تک موسیقی کی باقاعدہ تربیت دی اور خیال،تھمری و دیگر راگوں سے روشناس کرایا۔ جگجیت سنگھ نے اپنی گلوکاری کا آغاز مختلف گورودواروں میں گوروبانی گاکر کیا۔ ان کی آواز کی جادوگری کا یہ کمال جالندھر ریڈیو اسٹیشن تک پہنچاتو انہیں سال میں 6براہ راست پروگرام پیش کرنے کےآفر مل گئے۔ سال1965ء میں گلوکار بننے کی تمنا لئے وہ ممبئی آگئے، جہاں انہیں ایچ ایم وی نامی اس وقت کی مشہور ترین ریکارڈ کمپنی نے ان کی آواز میں دو غزلیں ریکارڈ کرنے کی پیشکش کی تھی۔ جگجیت سنگھ کو اسی دوران کچھ اشتہاری فلموں میں بھی اپنی آواز کا ہنر دکھانے کا موقع ملا۔ جدوجہد کے اسی دور میں ان کی ملاقات چتراسنگھ سے ہوئی جو خودبھی ایک گلوکارہ تھیں۔1970ء میں دونوں نے شادی کرلی اور یہیں سے دونوں کی زندگی نے ایک نیا موڑ لیا  اور اس جوڑی نے کئی البموں میں اپنی جادوئی گلوکاری سے ناظرین کو مسحور کردیا۔ 

Original text