23:51:21
پلوامہ کے نوجوان فرحان مجید  کم عمر ترین کمرشل پائلٹ ہونے کا اعزاز 
 81
14 Jan, 2021 05:39 pm

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان فرحان مجید نے جموں و کشمیر کے کم عمر ترین کمرشل پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ کے رہنے والے فرحان مجید نے اتراکھنڈ کے ایک ایوی ایشن انسٹی ٹیوٹ سے لازمی تربیت حاصل کرنے کے بعد کمرشل پائلٹ لائسنس حاصل کر لیا ہے۔
فرحان مجید کی جموں و کشمیر کے کم عمر ترین کمرشل پائلٹ بننے کی خبر نے وادی کشمیر میں بالعموم اور ان کے آبائی ضلع پلوامہ میں بالخصوص خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔
فرحان مجید نے اونتی پورہ میں اپنے گھر پر نامہ نگاروں کو بتایا: 'میرے گھر والوں نے میری کافی مدد کی ہے۔ اس مدد کی وجہ سے ہی میں اپنا خواب پورا کرنے میں کامیاب ہو گیا ہوں۔ خواب کو پورا کرنے میں مجھے بہت سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ میں اپنے خاندان میں واحد ایسا فرد ہوں جو ایوی ایشن میں گیا ہے۔
انہوں نے کہا: 'اپنی مدد آپ کرنے پڑی ہے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے راستہ دکھایا اور مجھے ڈائرکشن ملتی رہی۔ میں اللہ کی مدد اور گھر والوں کے بھرپور تعاون سے اپنے خواب کو پورا کرنے میں کامیاب ہو گیا'۔
فرحان نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں کچھ مختلف کرنا چاہتے تھے اور ہوا باز بننے کا شوق ان میں بچپن میں ہی پیدا ہوا تھا۔
کہتے ہیں: 'ہر کوئی کچھ مختلف کرنا چاہتا ہے۔ ہمارے علاقے کے نزیک ایئر فورس کا ایئر بیس ہے۔ جب میں بچپن میں وہاں سے جنگی جہازوں کو اڑان بھرتے ہوئے دیکھتا تھا تو میں خود سے باتیں کرتا تھا کہ ایک دن میں بھی جہاز چلائوں گا۔ میرے والد مجھ سے بار بار کہتے تھے کہ تمہیں کچھ مختلف کرنا ہوگا'۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'میں نے نوکری کے لئے درخواستیں جمع کی ہیں۔ اوپر والے کا ساتھ ہوگا تو نوکری بھی جلد مل جائے گی'۔

Original text