23:51:21
اگر مرکزی حکومت ایسے ہی کام کرتی رہی تو پورا ملک شاہین باغ بن جائے گا: غلام نبی آزاد
 83
04 Feb, 2020 06:29 pm

نئی دہلی: راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد نے مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے شاہین باغ کی یہ صورت حال بنی ہے اور اگر یہی حال رہا تو پھر پورا ملک شاہین باغ بن جائے گا ۔آزاد نے صدر کے خطاب پرشکریہ کی تحریک میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہونے کی وجہ سےعوام کی توجہ ہٹانے کے لئے  قومی شہریت قانون لیکر آئی اور جموں کشمیر کی ترقی کے بارے میں جھوٹ پھیلا کر وہاں سے 370 کو ہٹا یا اور وہاں کی پوری معیشت برباد کردی۔ صرف یہی نہیں ، انہوں نے وہاں کے لیڈران کو بھی نظربند  کرلیا۔ کانگریس کے ممبر نے ان تمام لیڈران کو رہا کرنے اور جموں و کشمیر کی پرانی صورتحال کو بحال کرنے کے لئے پارلیمنٹ کے موجودہ اجلاس میں ایک قانون لانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔آزاد نے بی جے پی کے ممبروں کی طرف سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے بارے میں بار بار غیر مہذب  باتیں کرنے پر بی جے پی پر بھی تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ انہیں پارٹی سے معطل کردیا جائے۔

Original text