Epaper Editions
خواتین کرکٹ ٹیم نے3وکٹ کے نقصان پر 177 رن بناکر میچ جیت لیا
 72
08 Feb, 2020 07:02 pm

 

میلبورن:سلامی بلے باز سمرتی مندھانا (55)کی نصف سنچری اور شیفالی ورما(49)کی بہترین اننگ کی بدولت خواتین کرکٹ ٹیم انڈیا نے سنیچر کے روز کھیلے گئے تین ملکوں کے ٹی 20ٹورنامینٹ میں آسٹریلیا کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔  ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی  کرتے ہوئے آسٹریلیائی خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشلے گارڈنر کے 57 گیندوں میں 11 چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے بنے 93 رنوں کی  بدولت 20 اووروں میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 173 رن بنائے ۔ ٹیم انڈیا نے  مندھانا اور شیفالی کی بہترین اننگوں کی بدولت 19.4 اووروں میں محض 3 وکٹ کے نقصان پر 177 رن بناکر میچ جیت لیا۔  گارڈنر کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ 
دونوں سلامی بلے باز مندھانا اور شیفالی کے درمیان پہلے وکٹ کے لئے 85 رنوں کی شراکت داری رہی ۔ ٹیم انڈیا کو پہلا جھٹکہ شیفالی کےآؤٹ ہوجانے سے لگا اس کے بعد جیمیما راڈرگس نے مندھانا کی ساتھ اننگ کو آگے بڑھاتے ہوئے 19 گیندوں میں پانچ چوکے مار کر 30 رن بنائے۔ مندھانا اور راڈرگس کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان ہرمن پریت کور اور دپتی شرما نے اننگ کو آگے بڑھاتے ہوئے ناٹ آؤٹ رہ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ ہرمن پریت نے 20 رن اور دپتی نے 11 رن بنائے۔ آسٹریلیائی گیندباز پیری، میگن شوٹ اور نکولا کیری کو ایک ۔ ایک وکٹ ملا۔  ٹیم انڈیا کی اس فتح سے اس کے فائنل میں جانے کی امیدیں ابھی برقرار ہیں۔ ٹیم انڈیا نے اس ٹورنامینٹ میں اپنے چار مقابلوں میں سے دو میچوں میں فتح حاصل کی ہے اور دو میچوں میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔     

Original text