23:51:21
آل انڈیاریڈیو کےسابق اسسٹنٹ ڈائریکٹرانواراحمد خاں کاانتقال
 99
06 Feb, 2020 07:01 pm

 نئی دہلی: آل انڈیا ریڈیو کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹراورمشہور براڈکاسٹرانواراحمد خاں کا آ ج یہاں طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ وہ 63 برس کے تھے۔ مرحوم کو کینسر کے عارضہ لاحق تھا، جس کی تشخیص دو سال قبل ہوئی تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ نسرین ہاشمی کے علاؤہ ایک  بیٹی فرح خان اورایک بیٹا فیصل انوار ہیں۔ انواراحمدخاں کی پیدائش 25 دسمبر 1957 کو بہار کے سیتا مڑھی ضلع میں ہوئی تھی۔انہوں نے 1975 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اردو میں ایم اے کیا تھا۔ بطور براڈکاسٹر  انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1984 میں آ ل انڈیا ریڈیو اورنگ آباد سے کیا۔ وہ گورکھپور،لکھنؤ،سری نگر، بھوپال ریڈیو اسٹیشنوں سے وابستہ رہے۔  بھوپال اسٹیشن سے بطور ڈائریکٹر وابستگی کے دوران انھیں وزیراعلی مدھیہ پردیش نے ہندی سیوا سمان سے نوازاتھا۔ وہ دسمبر 2017 میں یہاں  اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے سے آل انڈیا ریڈیو کی  غیر ملکی نشریات کے شعبے سے سبکدوش ہوئے۔انوار احمد خاں ایک انتہائی مہذب اور باوقار شخصیت تھے اور انھوں نے ایمانداری اور جفاکشی کے ساتھ اپنا سفر پورا کیا۔ ان کے انتقال سے علمی ،ادبی اور صحافتی حلقوں میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔

Original text